اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) سویلینز کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کی کارروائی روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطائ بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی، بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بھی شامل تھے۔سماعت کے آغاز پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری نے روسٹرم پر آ کر کہا کہ ہم نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے معاملے پر درخواست دائر کی ہے۔چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا کہ کیا آپ کی درخواست کو نمبر لگ گیا ہے؟ ہمیں خوشی ہے کہ سپریم کورٹ بار کی جانب سے بھی درخواست آئی، اچھے دلائل کو ویلکم کرتے ہیں، جب درخواست کو نمبر لگے گا تب دیکھ لیں گے۔اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان نے سپریم کورٹ میں سویلینز کے ٹرائل شروع ہونے کی وضاحت کر دی اور کہا کہ اس وقت کسی سویلین کا ٹرائل نہیں چل رہا۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل عزیر بھنڈاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی ، آئی ایس پی آر نے 102 افراد کے ٹرائل کی بات کی، اٹارنی جنرل اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیانات متضاد ہیں۔اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان اعوان نے کہا کہ میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں، عدالت میں وزارت دفاع کے نمائندے موجود ہیں وہ بہتر صورت حال بتا سکتے ہیں۔جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ ہم اس وقت موجودہ عدالتی نظیروں کا جائزہ لے رہے ہیں، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ ہمیں اٹارنی جنرل کے بیان پر یقین ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا کہ میرا مو?قف ہے کہ سویلینز کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل نہیں ہو سکتا، فوجیوں کے ٹرائل اور عدالت کے اختیارات سے متعلق بات نہیں کروں گا۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ججز کی تقرری کا آرٹیکل 175 (3) 1986ئ میں آیا، جن عدالتی نظائر کی بات آپ کر رہے ہیں ان کے مقابلے میں اب حالات و واقعات یکسر مختلف ہیں۔جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ ایسا کیا ہے جس کا تحفظ آئین فوجی افسران کو نہیں دیتا لیکن باقی شہریوں کو حاصل ہے؟جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیوں خفیہ رکھا جارہا ہے کہ 102 کونسے ملزمان ہیں؟ کیا ملزمان کے نام پبلک کرنے میں کوئی مسئلہ ہے؟ فہرست دیکھ کر ہر کوئی اپنے افراد کا حراست میں ہونے یا نہ ہونے کا کہہ سکتا ہے، سادہ سوال ہے کیوں فہرست پبلک نہیں کی جا رہی؟اٹارنی جنرل نے دلائل میں کہا کہ میری درخواست ہے اس تفصیل کو خفیہ رکھا جائے، ہم 102 افراد کے اہلخانہ کو الگ الگ فون کرکے آگاہ کر دیں گے اور یہ عمل 24 گھنٹوں میں مکمل کرلیں گے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ فہرست پبلک ہوجائے گی تو تشویش ختم ہوجائے گی کہ کون گرفتار ہے جبکہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے کہ مسئلہ یہ ہے کہ فہرست پبلک ہو گئی تو اہلخانہ کی تشنگی بڑھ جائے گی، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ اچھی بات ہے کہ عید سے پہلے اہلخانہ کو اطلاع مل جائے۔اٹارنی جنرل نے بتایا کہ فہرست پبلک کرنے سے متعلق ایک گھنٹے میں آگاہ کروں گا البتہ صحت کی سہولیات دی جا رہی ہیں اور ڈاکٹر موجود ہیں، صحافیوں اور وکلائ سے متعلق کچھ واقعات ہوئے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ وکلائ کو مکمل تحفظ فراہم ہونا چاہیے، عمران ریاض لاپتہ ہیں، کیا عمران ریاض آپ کی تحویل میں نہیں ہیں؟ عمران ریاض کو تلاش کریں اور بازیاب کریں۔اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عمران ریاض ہماری تحویل میں نہیں ہے لیکن وفاقی حکومت عمران ریاض کی بازیابی کے لیے مکمل تعاون کر رہی ہے۔بعدازاں سپریم کورٹ نے سماعت جولائی کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔