کراچی (نمائندہ خصوصی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، تمام ٹاونز کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل ہوں گے، کوشش ہے سب کی مشاورت سے مسائل کو حل کیا جائے، فی الحال ہمیں عیدالاضحی آپریشن پر بھرپورتوجہ دینی ہے تاکہ اس اہم موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جا سکے، یہ بات انہوں نے عید الاضحی کے انتظامات کے سلسلے میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے ٹاونز چیئرمینز اور وائس چیئرمیز کے ساتھ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے دفتر میں منعقد ہونے والی کوآرڈینیش میٹنگ کے موقع پر کہی جس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز شاہ، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے جنرل سیکرٹری کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی کمشنر ویسٹ علی ذوالفقار میمن، ڈپٹی کمشنر ایسٹ تبریز مری اور دیگر افسران اور منتخب نمائندے بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ٹاون چیئرمینز کو یقین دہانی کرائی کہ مختلف علاقوں کے چیئرمینز کی جانب سے جن مسائل کی طرف توجہ دلائی گئی ہے ان کے جلد از جلد حل کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، شہر کی بہتری کیلئے ہم سب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اسی لئے تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ رابطے کئے جارہے ہیں، عیدالاضحی کے بعد ٹاون چیئرمین کے دفاتر اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کام کریں گے، انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی پر آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور کلیکشن پوائنٹس تک پہنچانے میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی کی انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کرے گی، مقررہ کلیکشن پوائنٹس کے علاوہ ٹاون چیئرمینز کی جانب سے جن جگہوں پر پوائنٹس بنانے کی تجویز دی گئی ہے اس پر بھی غور کیا جائے گا۔