کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ کے وزیرماحولیات اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں سندھ کے ساتھ پانی کی تقسیم میں بہت ناانصافی ہوئی۔ ڈزرٹیفکیشن اور قحط سالی سے نمٹنے کا عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے وزیرماحولیات سندھ اسماعیل راہو نے کہا کہ اس وقت موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی قلت کیوجہ سے بدین، ٹھٹھہ اور سجاول سمیت جنوبی سندھ قحط کی لپیٹ میں آ چکاہے۔انہوں نے کہاکہ پانی کی قلت کی وجہ سے سندھ بھر کے کسان زرعی اراضی کو کوڑیوں کے دام بلڈر مافیا کو بیچنے پر مجبور ہیں
انہوں نے کہا کہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں اسی وجہ سے زرعی زمین رہائشی کالونیوں میں تبدیل ہو رہی ہے، عمران خان کے در میں سندھ کے ساتھ پانی کی تقسیم میں بہت ناانصافی ہوئی۔ وزیر ماحولیات اسماعیل راہو نے کہا کہ پانی کے ہوتے ہوئے بھی سندھ کو اپنے حصے کے پانی سے محروم رکھا گیا ہے، وزیراعظم پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے میں کردار ادا کریں نہیں تو سندھ قحط کی لپیٹ میں آجائیگا۔اسماعیل راہو نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ ماحولیات کے تحفظ اور اس کی افادیت سے کافی حد تک لاتعلق ہیں، جس کے لئے حکومتی سطح پر آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں چاول کی بوائی کا موسم تیزی سے ختم ہورہا ہے، پاکستان ہر سال ڈھائی ارب ڈالر کا زرمبادلہ چاول کی برآمد سے کماتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آلودگی کے باعث زمین کا ماحول تیزی سیتبدیل اورپانی کے ذخائر بھی کم ہو رہے ہیں جو خشک سالی کا باعث بن رہے ہیں۔