قاہرہ( نیٹ نیوز )
مصری پائلٹ نے اپنی پہلی پرواز میں والدہ کو مناسک حج کی ادائیگی کے لیے لے جانے والا طیارہ اڑا کر حیران کر دیا۔ پائلٹ عبد اللہ بھی نے ماں کو سرپرائز دیا اور اس یادگار لمحے کو فلمانے کا بھی انتظام کیا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اسے لاکھوں ویوز اور تبصرے ملے۔ لوگوں نے پائلٹ کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا۔ ماں کو خوش کرنے کے اس اقدام کی بڑے پیمانے پر تعریف کی گئی۔ویڈیو کے مالک پائللٹ عبداللہ محمد بہی نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کو کہانی سنائی اور کہا کہ میں ’’مصر ایئر‘‘ میں کوپائلٹ کے طور پر کام کرتا تھا اور اپنی والدہ کو حیران کرنا چاہتا تھا۔ سرپرائز یہ تھا کہ میں پائلٹ بن گیا ہوں اور وہ طیارہ اڑا رہا ہوں جس میں اپنی ماں کو حج کے لیے لے جارہا ہوں۔میں نے ماں کو بتائے بغیر اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس کا انتظام کیا۔ میں اپنی والدہ کے ساتھ باہر گیا۔ میں سرکاری فلائٹ یونیفارم میں ملبوس ہوکر گھر سے ماں کو لے کر نکلا اور ماں کو بتایا کہ میں ایئرپورٹ پہنچ کر ’’مصر ایئر‘‘ کی کویت جانے والی پرواز کے عملے میں شامل ہو جاؤں گا۔عبداللہ محمد بھی نے مزید کہا کہ والدہ نے اس کہانی پر یقین کر لیا۔ وہ اس لمحے حیران رہ گئی جب وہ مکہ مکرمہ جانے والے جہاز میں سوار ہوئی۔ میں نے بورڈنگ کے دروازے پر ماں کا استقبال کیا۔ یہی کچھ اس ویڈیو میں دکھایا گیا۔ یہ ویڈیو میرے ایک ساتھی نے بنائی تھی۔31 سال کی عمر کے عبد اللہ محمد بھی نے بتایا کہ ان کی والدہ نے اس پر بہت خوش ہوئیں اور اپنے بیٹے پر فخر کا اظہار کیا۔
عبداللہ بھی نے بتایا کہ اس نے یہ ویڈیو اپنے انسٹاگرام پیج پر پوسٹ کی۔ اگرچہ اس کے فالوورز کی تعداد بہت کم ہے لیکن وہ ویڈیو کی مقبولیت، اس کے بہت زیادہ پھیلاؤ دیکھ کر حیران رہ گیا۔ رشتہ داروں، جاننے والوں، خاندان والوں کی طرف سے پے در پے کالز نے بھی مجھے حیران کردیا۔عبداللہ بھی نے بتایا کہ اس نے 2012 میں کالج آف ایوی ایشن سے گریجویشن کیا اور 2022 میں EgyptAir میں کام شروع کردیا۔ جہاں اس نے بطور پائلٹ کام کرنے کے اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے 10 سال انتظار کیا۔ عبد اللہ نے اپنی ماں کو حج کرانے کے اپنے دوسرے خواب کو بھی پورا کر دکھایا۔