اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )قائمقام صدر، محمد صادق سنجرانی نے فنانس بل 2023 کی منظوری دے دی ،قائمقام صدر نے بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی ۔اس سے قبل صبح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوانِ صدر اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے قائم مقام صدر کی ذمے داریاں سنبھالی تھیں۔واضح رہے کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے 52 رکنی وفد کے ہمراہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے خصوصی طیارے پر سعودی عرب چلے گئے ہیں۔صدرِ مملکت کی غیر موجودگی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمے داریاں سنبھالی ہیں۔کابینہ ڈویژن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بطور قائم مقام صدر ذمے داریاں سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔