لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ہفتے قبل اغوا ہونے والے مغوی کو باحفاظت بازیاب کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ 18 جون تھانہ رشید وگن میں شہری سکندر علی ولد غلام علی بروہی رہائشی گاؤں عالم بروہی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول ہوئی،ایسی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مذکورہ شہری کی تلاش شروع کردی جبکہ 20 جون پر فون کال کے ذریعے مذکورہ شہری کی بازیابی کے لیے پیسوں کی ڈیمانڈ کی گئی، جس کے بعد پولیس نے سکندر بروہی کے بھائی روشن علی کی مدعیت میں کیس 18/2023 بجرم 365A,34PPC,6/7ATA درج کرلیا جبکہ ایس ایس پی لاڑکانہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے سینئر و تجربہ کار پولیس افسران پرمشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی جس میں شامل انچارج سی آئی اے اور تیکنیکی ٹیم نے محکمانہ مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے کیس کو ٹریس آئوٹ کرکے مرکزی ملزم کامل ولد عاقل کھکھرانی کو گرفتار کرلیا، دوران تفتیش ملزم کی نشاندھی پر مغوی کو گاؤں کامل کھکھرانی والے علاقے سے باحفاظت بازیاب کروالیا گیا ہے، ایس ایس پی کے مطابق پولیس مقابلے کہ دوران مغوی کی بازیابی کا کیس 19/2023 بجرم 324,353,427,6/7ATA متعلقہ تھانہ رشید وگن میں درج کرلیا گیا ہے، دوران تفتیش معلوم ہوا کہ مغوی اور گرفتار ملزم ایک ہی علاقے کے رہائش پذیر ہیں،ملزم نے ذاتی رنجش اور پرانے زمینی تنازعے کی وجہ سے سکندر علی بروہی کو اغوا کروا کے تاوان طلب کیا ۔ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے بعد دوسرے ملزمان کی بھی شناخت ہوگئی ہے اور ان کی گرفتاریوں کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔