اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ پسرور، شیخوپورہ اور نارووال میں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع نارووال میں ا?سمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے، واقعات نارووال کے نواحی علاقوں چانگو والی، پنج پیر، رتیہ خورد ، کانگو والی میں پیش آئے، بجلی گرنے کے بعد اہل علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔دوسری جانب شیخوپورہ میں بھی 2 مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، منڈیالہ ورکاں میں بھینسوں کے باڑے میں موجود ایک شخص آسمانی بجلی گرنے سے جان کی بازی ہار گیا۔چک شاہ پور میں قبرستان میں بیٹھے 3 افراد بھی آسمانی بجلی کی زد میں آ گئے، جن میں سے 1 جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، شرق پور روڈ گرڈ سٹیشن میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی، ریسکیو عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔پسرور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، نواحی گاوں ٹھٹھہ ملکھی میں ایک شخص آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا جبکہ محلہ بھگت پورہ میں 13 سال کا بچہ عبدالقیوم آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شکر گڑھ، جہلم، گجرات، نارووال سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تیز ہواو¿ں کے ساتھ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ ، ڈیوس روڈ، عبدالکریم روڈ، کینال روڈ شملہ پہاڑی اور ملحقہ علاقوں میں بادل برسے، گڑھی شاہو، شالیمار اور باغبانپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔تیز ہواوں اور بارش کے باعث حبس کا زور ٹوٹ گیا ہے، کالے اور گھنے بادل چھانے سے سرشام ہی اندھیرا چھا گیا، موسلادھار بارش کے باعث عبدالکریم روڈ، لاہور ہوٹل اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔واضح رہے محکمہ موسمیات نے آج سے 30 جون تک بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔