اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ شازیہ مری نے یمن کے سماجی فنڈ برائے ترقی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان میں کئی طرح کی مثبت معاشرتی تبدیلوں کا موجب ہے اور یہ پروگرام معاشرہ میں مثبت تبدیلیوں اور ترقی میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یمن کے سماجی فنڈ برائے ترقی کا 23 رکنی وفد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کامیاب سماجی تحفظ ماڈل کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے 5 روزہ دورے پر ہے۔ اس دورہ کا اہتمام عالمی بینک کے تعاون سے کیا گیا تھااور بینک کے نمائندے بھی وفد کے ہمراہ تھے۔شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام معاشرے کے کم آمدنی والے طبقوں کے لیے سماجی تحفظ کا ایک موثر ذریعہ ہے جو گھرانوں کی خواتین سربراہان کو نقد امداد فراہم کر کے ان کو معاشی طور پر با اختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی آسودگی خواتین کو باختیار بنانے کا بہترین اور عملی طریقہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے سروے اور رجسٹریشن کے عمل نے کم آمدنی والے گھرانے اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ خود کو اور اپنے خاندان کو نادرا کے ساتھ رجسٹر کرائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کی وجہ سے بچوں کے پرائمری اور سیکنڈری سطح پر سکولوں میں داخلے میں اضا فہ ہورہا ہے۔