مکہ مکرمہ(نمائندہ خصوصی) لاکھوں عازمین حج نے بیت اللہ شریف کا طواف قدوم کیا، یہ طواف حرم شریف میں آمد کا طواف بھی کہلاتا ہے، اس سال کووڈ 19 وبا سے قبل جیسی بھرپور تعداد میں حج ادا کیا جا رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے اس سال مسلمانوں کو عازمین حج کی تعداد اور عمر کی پابندی کے بغیر حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس بنا پر دنیا بھر کی تمام قومیتوں کے ہزاروں عازمین مکہ مکرمہ کی سڑکوں پر بھی موجود ہیں۔سفید رنگ کے احرام میں حجاج کرام نے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ اکثر افراد نے دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری بھی اٹھا رکھی تھی۔ بہت بڑی تعداد مطاف میں سنگ مرمر کے فرش پر دعائیں مانگتے نظر آئے۔سعودی حکام کے مطابق جمعہ کے دن تک دنیا بھر سے 1.6 ملین عازمین سعودی عرب پہنچ گئے تھے۔ سعودی عرب کے اندر سے ہی حج ادا کرنے کے لیے حرم مکی پہنچنے والوں کی تعداد کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ہے۔ سعودی حکام کو توقع ہے کہ رواں برس حج میں 160 ملکوں سے 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج ادا کریں گے۔گزشتہ سال 1443 میں حجاج کرام کی تعداد کو 9 لاکھ 26 ہزار تک محدود رکھا گیا تھا۔ ان میں سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کرام کی تعداد 7 لاکھ 81 ہزار تھی۔ کورونا وبا سے قبل 2019 میں دنیا بھر سے تقریبا 25 لاکھ مسلمانوں نے جج ادا کیا تھا۔