واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی)امریکہ میں متعین سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکی محکمہ خارجہ میں انڈر سیکرٹری عذرا زیا سے ملاقات کی جس میں پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔جمعہ کو انڈر سیکرٹری نے سفیر پاکستان کا گرم جوشی سے استقبال کیا جس میں دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی انڈر سیکرٹری عذرا زیا نے اپنی ٹویٹ میں سفیر پاکستان مسعود خان سیتعمیری بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے افغان نقل مکانی کے عمل اور پناہ گزینوں کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔عذرا زیانے کہاکہ امریکہ پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری کا خواہاں ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکی انڈر سیکرٹری کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین پاک امریکہ تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط استوار کرنے کیلئے بات چیت اور تعاون جاری رکھیں گے،ملاقات میں سفیر مسعود خان نے انڈر سیکرٹری عذرا زیا کا دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کیا۔سفیر پاکستان نے مئی کے مہینے میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام او آئی سی ڈائیلاگ کا بھی خیر مقدم کیا جو امریکہ اور آؤ آئی سی ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو فروغ دیگا۔