اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آم کی سیلز مین شپ میں لگے ہیں۔ایک بیان میں بھارت امریکا مشترکا اعلامیے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی مسئلے پر کسی نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا، وزیراعظم آم کی سیلز مین شپ میں لگے ہیں امریکا بھارت مشترکا اعلامیے پر بھی کچھ کہتے۔شاہ محمود قریشی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ نے کوئی بات کی،دفترخارجہ کی وہ اہمیت نہیں جو سیاسی لیڈر شپ کی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ صدر رجب طیب اردوان کی حلف برداری کی تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے ہمراہ غیر رسمی گفتگو میں پاکستانی آم اور ان کا ذائقہ گفتگو کا مرکز بنا رہا تھا۔دوران ملاقات وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر سے کہا کہ آپ کے بطور صدر انتخاب پر پاکستان کے عوام ترک عوام سے زیادہ خوش ہیں، آپ کیلئے آموں کا تحفہ لایا ہوں۔