اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے دباو پر بجٹ میں پیش کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم واپس لے لی گئی۔ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے ایک لاکھ ڈالر بھجوانے پر ذرائع آمدن ظاہر نہ کرنے کی چھوٹ دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے رقوم بینکنگ چینل کے ذریعے بھیجنے کی شرط عائد کی گئی تھی اور آئی ایم ایف نے اس ایمنسٹی اسکیم پر اعتراض اٹھایا تھا۔ذرائع کے مطابق ایمنسٹی اسکیم کا مقصد ملک میں ڈالر کی قلت پر قابو پانا تھا۔اس کے علاوہ 2 ہزار سی سی سے بڑی لگڑری گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے ، کھاد کی فروخت پر 3 روپے فی کلو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں دور ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقاتوں اور رابطوں سے یہ پیشرفت ممکن ہوئی ہے، وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں رابطوں اور ملاقاتوں سے بریک تھرو ہوا ہے۔