کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاﺅلہ نے کہا ہے کہ احسن طریقے سے اپنے فرائض انجام دینے والے افسران و عملے کے اراکین ہر محکمہ کا فخر ہوتے ہیں اور مجھے فخر ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ کے افسران و عملے نے ہمیشہ بہترین کارکردگی کہ مظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے نہ صرف سو فیصد سے زیادہ ٹیکس اہداف حاصل کیے ہیں بلکہ صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں منشیات فروشوں کے خلاف نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کے افسران و عملے کے اراکین میں تعریفی اسناد اور شیلڈز کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ عاطف رحمان خان، ڈائریکٹر جنرلز وحید شیخ، اورنگزیب پنہور، تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چالہ نے مزید کہا کہ منشیات ایک زہر ہے اور نوجوانوں کو اس کے استعمال سے روکنا اور منشیات فروشوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہم سب کی بنیادی ذمےداری ہے اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں گذشتہ 14 سال سے اس محکمے کا وزیر ہوں اور مجھے محکمے کے افسران اور عملے کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ افسران اور عملے کے اراکین کی خدمات کے اعتراف میں اگست کے پہلے ہفتے میں صوبے بھر کے تمام ملازمین کے لیے کراچی میں ایک ڈنر کا اہتمام کیا جائیگا۔