کراچی(نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی نے میئر انتخاب میں حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے پرمزید 6 یو سی چیئرمینز کو پارٹی سے نکال دیاہے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے گیارہ رکنی انکوائری کمیٹی کی سفارش پر مزید چھ چیئرمینوں کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔چھ چیئرمینوں میں صدر ٹاﺅن یو سی 6 سے محمد علی رضا، عمران پاروانی، کورنگی سے سلمان خان، کیماڑی سے عبدالمعید، اورنگی ٹاﺅن سے ملک اختر اور فرنٹیئر کالونی سے محمد ادریس شامل ہیں۔برطرف 6 ارکان سمیت پی ٹی آئی کے 32 یو سی چیئرمین میئر کے انتخاب میں غیر حاضر تھے، تمام اراکین کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کے لیے پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اس قبل 11 چیئرمینوں کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، بقیہ اراکین جن کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، انکوائری کمیٹی ان کی چھان بین کر کے سفارشات پارٹی صدر کو بھجوائے گی۔میئر کراچی کے انتخاب میں منحرف گیارہ اراکین کی بنیادی رکنیت باقاعدہ طور پر ختم کر دی گئی ہے، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری ہو گیا ہے۔