اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا جس دور ان کولنگ سسٹم کے بریک ڈاﺅن کا جائزہ لیا ۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق وزیر صحت کے دورے کا مقصد پمز ہسپتال میں کولنگ سسٹم کے بریک ڈاو¿ن کا جائزہ لینا تھا۔ عبد القادر پٹیل نے کولنگ سسٹم کے انچارج پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرزنش کی۔ انہوں نے پمز کے انجینئر کو سخت ہدایت کی کہ روزانہ گیارہ بجے سے چار بجے تک بغیر اے سی والی جگہ پر خود بیٹھے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے وزیر صحت کو بریفنگ دی۔وزیر صحت نے کہا کہ فوری طور 24 گھنٹوں کے اندر نئے بڑے ایئرکنڈیشن کا سسٹم لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ رات 12 بجے سے پہلے پرانی ایمرجنسی میں اے سی لگے ہوں۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے یہ پرو جیکٹ سست روی کا شکار ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ میں نے سیکرٹری ہاوسنگ ورکس سے فون پر بات کی ہے۔ کولنگ سسٹم جو اپ گریڈ کیا جارہا ہے اس پر تیزی سے ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں مریضوں کا بوجھ بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے، اسلام آباد اور گرد ونواح سے بیس سے پچیس فی صد لوگ پمز آتے ہیں جبکہ کے پی کے، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں سے بھی لوگ یہاں سے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کا زور بہت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے یہ پریشانی مریضوں کو اٹھانا پڑی۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو ہدایت کی کہ ہنگامی بنیادوں پر مسئلہ کو حل کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مجھے اس کام کی رپورٹ دی جائے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔