اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و سینیٹر شیری رحمان نے ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ، مقامی اداروں کو الرٹ اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا کہ پری مون سون پر محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری جاری ہوئی، 25 سے 30 جون تک ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے جس سے ملک میں موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے، کشمیر، جی بی، کے پی میں تیز ہواو¿ں، گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان، جنوبی پنجاب اور سندھ میں بھی بارش کی توقع ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، پہاڑی علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ کا بھی اندیشہ ہے، شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے انفرا سٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور ندی نالوں سے دور رہیں۔