مریدکے(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاکستان میں اس وقت دو کروڑ پچاس لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ تعداد ہے ،اس تعداد کو صفر پر لانے کیلئے وزارت تعلیم نے کام شروع کردیا ہے جس کی ابتدا ءاسلام آباد سے کی گئی ہے ،پاکستانی قوم غیور قوم ہے سانحہ نو مئی کے کرداروں کو ہرگز معاف نہیں کرے گی۔اپنے حلقے کے ایک سکول میں واٹر فلٹر یشن پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دنیا میں کسی بھی تعلیمی سیمینار میں جاتا ہوں تو اس وقت شرمندگی ہوتی ہے جب دنیا ہمیں کہتی ہے کہ دنیا میں تعلیم سے محروم اڑھائی کروڑ بچے پاکستان میں ہیں ۔انہوں نے کہا اس تعداد کو صفر پر لانے کیلئے وزارت تعلیم نے کام شروع کردیا ہے جس کی ابتدا ءاسلام آباد سے کی گئی ہے جہاں ساٹھ ہزار بچے تعلیم سے محروم تھے ،میں نے دو ماہ قبل اپنی ٹیم کو ٹاسک دیا جو انشااللہ پندرہ جولائی تک پورا ہوجائے گا ،میں دیگر صوبوں سے بھی کہتا ہوں اسلام آباد کی طرح کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے سرکاری تعلیمی اداروں میں واٹر فلٹر پلانٹس لگا رہے ہیں ،باتھ رومز بنائے جارہے ہیں، اپنی وزارت کی طرف سے وزارت تعلیم پنجاب کو پانچ ارب روپے جاری بھی کردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی چیئرمین نے جہاں دیگر اداروں کو تباہ کیا وہاں تعلیم کا بھی بیڑہ ہی غرق کردیا ،نوجوان نسل کو تعلیم اور شعور دینے آگے بڑھنے کی جستجو کی بجائے ان کے ذہنوں میںنفرت کا بیج بویا جوسانحہ نو مئی کی شکل میں سامنے آیا ۔اساتذہ اور اور والدین پر یہ فرض عائد ہوتا ہے اس نفرت کو محبت میں بدلیں کیونکہ جو قومیں اپنے اصول چھوڑ دیتی ہیں تاریخ انہیںمعاف نہیں کرتی ،پی ٹی آئی چیئرمین نے وہ کام کیا جو دشمن بھی نہ کرسکا ،دشمن ملک کا آرمی چیف ہمارے شہدا ءکو ہیرو تسلیم کررہا ہے جبکہ عمران خان کی نفرت کی سیاست کی وجہ سے شہدا ءکی یاددگاروں کو نقصان پہنچایا گیا ۔