کراچی (نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں ہمیں خود کو ڈیجیٹل انقلاب کے لئے تیار کرنا ہوگا، اس ڈیجیٹل دور میں چستی اور تخلیقی صلاحیتیں ہی ہمیں کامیابی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن نے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور صنعت کے ماہرین اور کاروباری افراد کے ساتھ جڑنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فیوچر آف ورک کانفرنس کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ قبل ازیں پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن (PAFLA) کے CEOطفیل احمد خان نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ PAFLA کے چیئرمین اور شریک بانی ابراہیم امین اور PAFLA کے سی ای او طفیل احمد خان کی شاندار کاوشیں خراج تحسین کی مستحق ہیں، ان کی قیادت کے باعث پاکستان میں فری لانسنگ کمیونٹی کو ترقی اور پہچان ملی ، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور میں فری لانسرز اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانا قابل تعریف عمل ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے گورنر ہاو¿س کے دروازے کھولنے سے اکیڈمیہ اور صنعت کے درمیان خلیج کو کم کرنے کا موقع ملا ہے، ایک ایسے ماحول کو فروغ دیا گیا ہے جہاں علم کی پرورش ہو اور جدت طرازی پروان چڑھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری کامیابی سیکھنے اور تعاون کرنے کی صلاحیت میں مضمر ہے، انہوں نے کہا کہ عزم اور مشترکہ وژن کے ذریعے ہم اپنے درپیش چیلنجز کو مواقعوں میں تبدیل کر سکتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور سب کے لیے ایک خوشحال مستقبل بنانے کے لیے ہاتھ ملا کر کام کرتے رہنا ہوگا اور ہم سب کو تعاون اور جدت کے اس سفر کو جوش و عزم کے ساتھ جاری رکھنا ہوگا۔