کراچی( بیورو رپورٹ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں گورنرسیکریٹریٹ کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمان بھی شریک تھے۔اجلاس میں امید کی گھنٹی کے ذریعہ آنے والی شکایات،ان کے حل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے گورنر ہاس کی جانب دیکھ رہے ہیں، ان کے مسائل کے بروقت حل کے لئے افسران مزید محنت سے کام کریں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امید کی گھنٹی بجانے والے سائلین کی داد رسی کے لئے فوری ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کاروزانہ بڑی تعداد میں امید کی گھنٹی بجانے کے لئے آنا ان کے اعتماد کا اظہار ہے ،ہمیں ان کے اس اعتماد کو ٹوٹنے نہیں دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ366 1پر تمام متعلقہ محکموں کے نمائندوں کے ذریعہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افسران خود کو عوام کا خادم سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیں، افسران اگر نیک نیتی سے عوام کے مسائل حل کریں گے تو انہیں دعائیں ملیں گی۔