کراچی(نمائندہ خصوصی) جناح اسپتال میں کار سوار لڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار، تصاویر سامنے آگئیں ابتدائی معلومات کے مطابق نشےکی زیادتی لڑکی کی موت کی وجہ بنی ہے اور اسی حوالے سے اسپتال انتظامیہ سے تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں: پولیس ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح اسپتال میں کار سوار افراد مبینہ طورپرلڑکی کی لاش چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق اسپتال حکام نے بتایا کہ کار میں ایک مرد اور خاتون سوار تھے، کار سواروں نے لڑکی کی ابتدائی معلومات فراہم کیں اور پھر فرار ہوگئے۔ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق لڑکی کو صبح ساڑھے7 بجےمردہ حالت میں اسپتال لایاگیا، لڑکی کو ڈیفنس سے لایا گیا تھا جس کی لاش کا پوسٹ مارٹم بھی کیا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی معلومات کے مطابق نشےکی زیادتی لڑکی کی موت کی وجہ بنی ہے اور اسی حوالے سے اسپتال انتظامیہ سے تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔اسپتال حکام کے مطابق لڑکی کی شناخت کرلی گئی، اس کی عمر 18 سال ہے اور جب اسے اسپتال لایا گیا تو وہ دم توڑ چکی تھی۔لڑکی کو اسپتال لانے کی تصاویر سامنے آگئیں
دوسری جانب اسپتال کی ایمرجنسی کے اندر اور باہر کی سی سی ٹی وی ویڈیو کی تصاویر جیو نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔
لڑکی کی لاش کو جس گاڑی میں اسپتال لایا گیا اسے ایمرجنسی کے باہر دیکھا جاسکتا ہے، گاڑی صبح 7:28 پر اسپتال کی ایمرجنسی کے باہر پہنچی، گاڑی سے ایک خاتون اور مرد اترے۔
ایک تصویر میں خاتون کو فون پربات کرتے ہوئے ایمرجنسی سے باہر جاتے دیکھا جاسکتا ہے، یہ خاتون فون پربات کرتی ہوئی صبح 07:42 پر پر ایمرجنسی سے چلی گئیں۔