کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے گنجان آباد علاقوں ملیر، سرجانی ٹاون، نیو کراچی سمیت مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور کئی جگہوں پر بجلی کی بندش کا دورانیہ 15 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔اس طویل ترین لوڈشیڈنگ سے ملیر، سعود آباد، ماڈل کالونی، کھوکھراپار، میمن گوٹھ، چمن کالونی، گلشن ہارونی، سرجانی ٹاون، یوسف گوٹھ، نیو کراچی، جناح اسکوائر، اےایریا، بی ایریا،ملیر ٹنکی، لیاقت مارکیٹ اور اطراف کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔دن بھر کے دو تہائی وقت پر محیط لوڈشیڈنگ نے جہاں شدید گرمی میں شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور لوگوں کو راتیں جاگ کر گزارنی پڑ رہی ہیں وہیں ان علاقوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا بھی شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔بدترین لوڈشیڈنگ نے کاروباری وتجارتی سرگرمیاں بالخصوص بجلی سے وابستہ کاروبار پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں جب کہ انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔