کراچی ( نمائندہ خصوصی )کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ،شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ گلستان جوہر، ڈرگ روڈ، ایئرپورٹ اور ملیر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی.قائد آباد، بھینس کالونی، میمن گوٹھ اور دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، اس کے علاوہ گلشن حدید، اسٹیل ٹان اور گرد و نواح میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جبکہ سائٹ ایریا اورگردونواح میں صبح کے ہونے والی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور ہوا جنوب مغربی سمت سے چل رہی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہے گا جب کہ مختلف علاقوں میں مزید بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔