پیرس(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے لئے امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی اور سابق وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں قائدین کی ملاقات نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی ۔وزیراعظم شہبازشریف اور جان کیری نے ایک دوسرے کے لئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ۔وزیراعظم شہبازشریف نے ماحولیات کے مسئلے پر جان کیری اور امریکی حکومت کی ترجیحات کو سراہا ۔ وزیر اعظم نے جان کیری سے گفتگو میں کہاکہ ماحولیاتی مسائل دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہیں جس کے لئے مشترکہ حکمت عملی اور کوششیں درکار ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جا ن کیری کوماحولیات کے لئے امریکی تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر کا نمائندہ خصوصی مقرر کرنا اس مسئلہ کی اہمیت کا اراک ہے۔ انہوںنے کہاکہ بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل خاص طور پر ترقی پزیر ممالک کی ترقی اور شرح نمو کو بری طرح متاثر کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شدید معاشی مشکلات میں اکتوبر2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے مسائل کو مزید مشکل بنادیا۔انہوںنے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی مسائل سے ترقی پزیر ممالک کی شرح نمو پر پڑنے والے منفی اثرات سے نکلنے میں مدد کے لئے خصوصی کردارادا کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمیج فنڈکے قیام کے بعد وسائل کی فراہمی کے وعدوں کو عملی شکل دینا اہم ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے لئے پیرس سربراہی کانفرنس ترقی پزیر ممالک کے لئے امید کا پیغام ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ترقی پزیر ممالک کو وسائل کی فراہمی کے لئے عالمی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاح ضروری ہے۔جان کیری نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسئلے سے ترقی پزیر ممالک کے لئے خطرات میں اضافے سے اتفاق کیا ۔دونوں راہنماﺅںنے مشترکہ کوششوں کے لئے رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت سے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ۔