لاہور، (نمائندہ خصوصی) چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 51ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ پی این وار کالج آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج رئیرایڈمرل شفاعت علی خان نے ائیر چیف کااستقبال کیا۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیراحمد بابر سدھو نے پاکستان نیوی وار کالج کے ذریعہ فراہم کردہ معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کو سراہا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک بحریہ کی بیش قیمت خدمات کی بھی تعریف کی۔
موجودہ سیکیورٹی چیلنجز اورٹیکنالوجی میں ترقی پر بات کرتے ہوئے معزز مہمان نے کہا کہ جنگی ٹیکنالوجی میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر دفاعی پیداوار میں خودانحصاری ناگزیر ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلح افواج ملک کے سرحدی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ ایک پیشہ ورانہ فوج ہے جس میں ملک کے خلاف ہونے والی کسی بھی کاروائی کا بر وقت جواب دینے کی صلاحیت ہے۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک بحریہ، مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو پیشہ ورانہ عملی اور فوجی تربیت فراہم کرنے پر پاکستان نیوی وار کالج کی خدمات کو سراہا۔