لاہور(نمائندہ خصوصی)۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت کے 50 دن اور آئی ایم ایف کے فیصلے کو 8 دن رہ گئے ہیں، پاکستان میں کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں عدم استحکام نہیں، معیشت تباہ، ریاست بدحال، سیاست کا برا حال ہے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 2 کروڑ لوگ بے روزگار، 10 کروڑ خطہ غربت کی لکیر سے نیچے اور ڈیفالٹ کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے، دیکھتے ہیں شہباز شریف فرانس سے آئی ایم ایف کو منوا کر آتے ہیں یا منہ لٹکا کے آتے ہیں۔ ملک وینٹی لیٹر پر ہے جب انڈسٹری نہیں چلے گی توروزگارنہیں ملے گااوربےروزگاربھوک کے مارے سمندروں میں ڈوب کر مریں گے ،یہ کہتے تھے ہم آئیں گے تودودھ شہد کی نہریں بہیں گی لیکن انہوں نے مہنگائی بیروزگاری کاطوفان کھڑاکردیا ہے ،ڈارکہتاتھا ڈالر200کاکروں گا،آئی ایم ایف کے لئے امریکہ ،برطانیہ کے سفیروں کے پاﺅں میں ۔انہوں نے کہا کہ جو 50 سال سے یہاں سرمایہ کاری کر رہے تھے وہ بھی اپنے شیئر زبیچ کر جا رہے ہیں ،جب پاکستانی ہی سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو آئین و قانون کی تضحیک کی موجودگی میں کون غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آئے گا۔ انہوںنے کہا کہ پولیس گھروں میں گھس کے توڑپھوڑ کررہی ہے چادراورچاردیواری کو رسواکررہی ہے ،اتنی ملک میں گندم نہیں کاٹی جارہی جتنی پولیس جھوٹی ایف آئی آر کاٹ رہی ہے ،جھوٹے کیسوں کاجمعہ بازار اورکرپشن کا انبارلگاہے ،جس کو چاہتے ہیں اٹھا لیتے ہیں ،ایک کیس میں ضمانت ہونے پردوسری ریڈی میٹ ایف آئی آر جیل کے دروازے پرمنتظرہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وہ حکمران بنا دیئے گئے ،جن کو جیلوں میں ہونا چاہیے تھا وہ غیرملکی دوروں پر ہیں۔