اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار ہونے والے نئے جہاز ٹیپو سلطان نے پاکستان واپسی کے دوران سری لنکا کی بندرگاہ کولمبو کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، مشترکہ بحری آپریشنز کی صلاحیت کو بڑھانا اور دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ کولمبو کی بندرگاہ پہنچنے پر سری لنکن نیوی اور پاکستانی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔بندرگاہ کے دورے کے دوران کمانڈنگ آفیسر پی این ایس ٹیپو سلطان نے سری لنکن بحریہ کی اعلٰی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ بحری تعاون، علاقائی امن اور میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے سری لنکا کی عوام کے لیے بالعموم اور سری لنکن بحریہ کے لیے بالحضوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سری لنکن پارلیمنٹ کے اسپیکرسمیت اعلٰی سول و عسکری قیادت، سری لنکا میں تعینات غیر ملکی سفیروں نے پی این ایس ٹیپو سلطان کا دورہ بھی کیا۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ٹیپو سلطان عام لوگوں کے لیے بھی کھولا گیا جس میں بڑی تعداد میں سری لنکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی، مقامی لوگوں اور سری لنکن نیوی کے اہلکاروں نے جہازکا دورہ کیا۔ بعد ازاں پی این ایس ٹیپو سلطان نے سری لنکن بحریہ کے جہاز کے ساتھ مشترکہ جنگی مشق میں بھی حصہ لیا۔پی این ایس ٹیپو سلطان کاسری لنکادورہ اور بحری مشق میں شرکت سے دونوں دوست ممالک کے مابین بحری تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا جو سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور موجودہ دوستی کے بندھن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔