اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی دعوت پر اپنے سرکاری دورہ فرانس کیلئے اسلام آباد سے پیرس چلے گئے ۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے دورہ فرانس کے دوران گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔گلوبل فنانسنگ پیکٹ سربراہی اجلاس پائیدار ترقی، توانائی کے متبادل و قابل تجدید ذرائع، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مستقبل میں عالمی مالیاتی نظام میں تبدیلیوں پر تبادلہ خیال اور مشاورت کا فورم ثابت ہوگا۔وزیرِ اعظم پیرس میں سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔