کراچی (نمائندہ خصوصی)مئیر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول کا دورہ کیا اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ نے عیدالاضحی کے انتظامات اور مانیٹرنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے آلائش آپریشن کے سلسلے میں تمام پروسس سے آگاہ کیا انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ عیدالالضحی کے سلسلے میں جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے مدفون کرنے کے لئے لینڈ فل سائیٹ جام چاکرو، گوند پاس اور جی ٹی ایس شرافی گوٹھ پر کھدائی کا کام آخری مراحل میں ہے اور ٹوٹل 18خندقیں بنائی جائیں گی جبکہ علاقوں سے آلائشیں جمع کرکے کلیکشن پوائنٹس اور پھر لینڈفل سائٹ خندقوں میں منتقل کی جائیں گی۔ تمام اضلاع میں ٹوٹل 91 کلیکشن پوائنٹس بنائے جائیں گے۔عیدالاضحی کے 4روز آپریشن کیلئے اضافی گاڑیوں کی تعداد6,802 اورلیبرکی تعداد24,366 ہے۔اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہریوں کو شکایات کا موقع نہ دیا جائے عملہ ہر گلی محلوں سے آلائشیں اٹھانے کا کام بروقت انجام دیں۔کلیکشن پوائنٹس اوردیگر مقامات پرچونے کا چھڑکا اور اسپرے یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے مزید بتایا کہ شکایات کے بروقت ازالے کے لئے تمام اضلاع میں شکایتی مراکز بنا دئیے گئے ہیں جس کی تفصیلات سوشل میڈیا اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھی شہریوں کو فراہم کی جائے گی۔ ہیلپ لائن نمبر1128 پر شفٹوں میں عملہ تعینات کیا جائے گا۔