کراچی (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سنیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ویژن ہم سب کا خوشحال پاکستان ہے اور ملک کو مستحکم کرنے اور آگے لے کر جانے کا روڈ میپ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مضبوط صوبے اور مضبوط وفاق کی علامت ہے اور شہید بے نظیر بھٹو کے ویژن کے تحت چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کی بدولت قائم ہے کیوں کہ انہوں نے ملک میں سیاسی قیادت کو واپس لاکر پارلیمنٹ ، آئین کی بالادستی اور عوام کی حق حاکمیت کے لئے جدوجہد کی اب پیپلز پارٹی شہید بے نظیر بھٹو کے جمہوریت بہترین انتقام ہے کے ویژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ عام انتخابات میں عوام کی قوت سے پیپلز پارٹی چاروں صوبوں میں کامیاب ہوگی اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیںگے اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بن کر شہید بے نظیر بھٹو کے ہم سب کا خوشحال پاکستان والے مشن کو مکمل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی ملک کے لئے جمہوری اور عوامی خدمات، آئین ، پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے کی گئی جدوجہد اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کے ویژن کے تحت پارلیمنٹ کو بااختیار کرنے، 18 ویں ترمیم، صوبائی خودمختاری اور صوبوں کو مالی مستحکم کرنے کا کریڈٹ صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی یونان کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثا کے ساتہ غم میں برابر کی شریک ہے۔