اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو ملک کی موجودہ معاشی صورتحال سے آگاہ کیا، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو آئی ایم ایف سے تعطل کے شکارمعاہدے بارے بھی آگاہ کیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کو آئی ایم ایف سے معاہدے کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر امریکی سفیر کی جانب سے وزیرخزانہ کو آئی ایم ایف سے معاہدہ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی، امریکی سفیر آئی ایم ایف سے پروگرام بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو کی گئی ۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر نے سفیر کا خیر مقدم کیا۔سفیر محترم ڈونلڈ بلوم اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی محاذوں پر گہرے تاریخی اور پائیدار دو طرفہ تعلقات کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے چیلنجنگ معاشی ماحول سے نمٹنے اور معیشت کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور ترجیحات سے آگاہ کیا۔دونوں فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے شعبوں اور دونوں ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو اپنی قومی اور بین الاقوامی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے مالیاتی فرق کو کم کرنے کے لیے حکومت کے بجٹ اقدامات کے بارے میں مزید بتایا۔ وزیر خزانہ نے سفیر کو آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات میں پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت اس پروگرام کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔معزز سفیر ڈونلڈ بلوم، امریکی سفیر نے معاشی استحکام اور عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید استوار کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔