کراچی(نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ میں ہائیڈرو گرافی کا عالمی دن جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا جس کا مقصد ہائیڈرو گرافی کی اہمیت اور بلیو اکانومی اور اس کے نتیجے میں قومی ترقی میں اس کے کردار کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔
ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اُجاگر کرنے اور کھلے سمندروں، بندرگاہوں اور دنیا کے دیگر سمندری علاقوں میں محفوظ نیویگیشن کے لئے اس شعبہ میں کئے گئے کام کو سراہنے کے لئے بین الاقوامی ہائیڈروگرافک آرگنائزیشن کے زیراہتمام عالمی سطح پر ہر سال 21 جون کو ہائیڈرو گرافی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ ہر سال بین الاقوامی ہائیڈروگرافک آرگنائزیشن کی جانب سے سمندری شعبے میں ہائیڈروگرافی کے کردار سے متعلق ایک مخصوص موضوع منتخب کیا جاتا ہے۔ اس سال ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن کا موضوع "Hydrography- underpinning the digital twins of the ocean ” تھا۔ ڈیجیٹل ٹوین اعلی قسم کی ریزولیوشن ہے جو سمندری حالات سے متعلق بروقت پیش گوئی جاری کر کے باخبر کردیتی ہے اور بحری امور سے وابستہ پالیسی سازوں اور سائنسدانوں کو فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کرتی ہے۔پاکستان میں پاک بحریہ نیشنل ہائیڈروگرافک ڈومین کی واحد طاقت ہونے کے ناطے ہر سال یہ دن اہتمام سے مناتی ہے تاکہ بحری امور سے متعلق تمام سرگرمیوں کے لیے ہائیڈرو گرافی کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ پاک بحریہ بلیو اکانومی کو مستحکم کرنے کے لیے سمندری تحقیق میں مسلسل تعاون کے لیے کوشاں ہے تاکہ ملکی معیشت مضبوط سے مضبوط تر ہوسکے۔