کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی صورتحال اگرچہ بہت زیادہ بہتر نہیں ہیں اور اس وقت ہم معاشی اور سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں جبکہ ہمیں موسمی تغیرات کا بھی براہ راست سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن یقین ہے کہ ملکی معاشی حالات جلد بہتر ہونگے،ہمیں چیلنجز کامشترکہ کوششوں سے ہی مقابلہ کرنا ہوگا،وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ موجودہ صورتحال میں بہت بہتر ہے،بزنس کمیونٹی معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں اپنی تجاویز فراہم کرے تاکہ ان کی تجاویز کو مدنظر رکھ تجارت وصنعت کے شعبوں کیلئے اہم اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔گورنر سندھ نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز گورنرہاؤس میں پی آئی ڈی لائن یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی رہنما،لائن ملک خدا بخش کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کے دوران کیا۔وفد میں چیئرمین یو بی جی سندھ ریجن شیخ خالد تواب، لائن پی سی سی عائشہ ملک(جی اے ٹی ایریا لیڈر)، کاٹی کے نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اکرام راجپوت اور فرزانہ برنی بھی موجود تھے۔اس موقع پرلائنز کی سرگرمیوں اور موجودہ کاروباری منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ لائنز کلب مخلوق خدا کی خدمت میں عملاً مصروف ہے اور لائنز کلب انٹرنیشنل کی پاکستان میں فلاحی خدمات بے مثال ہیں، ملک خدا بخش اور انکی ٹیم کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سینکڑوں گھر بنا کرمتاثرین کو دینا بہت بڑا کارنامہ ہے۔اس موقع پر لائن ملک خدا بخش نے گورنر سندھ کو بتایا کہ لائنز کلب پاکستان میں بھی فلاحی کاموں میں پیش پیش رہا ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک سال میں 248گھر بنا کرمتاثرین کو دیئے گئے جبکہ فلاحی کاموں میں لائنز کلب مستقل بنیادوں پر پاکستان میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ ملک خدا بخش نے بتایا کہ کراچی نیو ایم جے ایف لائنز کلب کے صدر ہمارے لیڈر ایس ایم منیر مرحوم تھے اور اب انکے اتقال کے بعد اس عہدے پر انکے صاحبزادے ایس ایم تنویر کو کلب کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ ملک خدا بخش نے وزیراعظم میاں شہبازشریف کی جانب سے ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات، برآمدات کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،پاکستان نے ہمیں عزت اور شہرت دی اور بہتر مقام دیا اوراب ہم سب کا فرض ہے کہ پاکستان کی مضبوطی اورخوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔یو بی جی سندھ ریجن کے چیئرمین لائن خالدتواب نے کہا کہ ایس ایم تنویر،شہزاد علی ملک،زبیرطفیل کی قیادت میں یونائٹیڈ بزنس گروپ پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کی خدمت میں مصروف ہے جبکہ ہمارے گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر جو پنجاب حکومت میں سینئروزیر بھی ہیں وہ ملک بھر کے دورے کرکے بزنس کمیونٹی کے مسائل سے آگاہی حاصل کررہے ہیں۔خالدتواب نے کہا کہ ہمارے لیڈر ایس ایم منیر سب کو ساتھ لے کر چلتے تھے جبکہ ایس ایم تنویر بھی اپنے والد کی شبیہ ہیں اور وہ کاروباری برادری کا درد رکھتے ہیں۔