کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے زونل رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں رویت ہلال میں کمیٹی کی اہمیت،اہم مہینوں کے چاند کی رویت پر اتفاق رائے کی ضرورت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ رویت ہلال کمیٹی میں تمام مکاتب فکر کے علما کی موجودگی اسے ایک معتبر فورم بناتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات ملک کی سلامتی کے خلاف سوچی سمجھی سازش تھے، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے بھی ان کی بھرپور مذمت کی۔ علمائے کرام نے کہا کہ گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات مثالی ہیں، گورنر سندھ نے رمضان المبارک میں گورنر ہاؤس کو عملی طور پر عوام کے لئے کھولا، ان کی جانب سے گورنر ہاؤس کے باہر لگائی گئی گھنٹی عوام کی داد رسی میں مددگار ثابت ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 50ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے جدید ترین کورسز کی تربیت دینا انتہائی لائق تحسین اقدام ہے۔ وفد کے اراکین میں مفتی فضل جمیل رضوی،قاری حمید اللہ ،مولانا یاسین طفر،مولانا عبدالمالک بروہی،مفتی یوسف،مولانا حافظ عبدالزاق آزاد،پروفیسر ظفر اللہ جان،جاجی غلام حسین چانڈیو،مفتی فیصل احمد،حاجی عبدالرحیم،قاری نذیر احمد نعیمی،مولانا اشرف علی،پیر شاہد علی جیلانی ،مفتی قاری مہر اللہ ،صاحبزادہ سید حبیب اللہ چشتی،حافظ عبدالمجید،میاں اجمل عباسی شامل تھے۔ ڈائریکٹر جنرل وزارت مذہبی امور سید مشاہد حسین خالد،چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سرفراز،نمائندہ سپارکو غلام مرتضی،نمائندہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زین العابدین،وزارت مذہبی امور کے نصیر الدین اور حافظ عبدالقدوس ،طیب ستار اور عمران گجر بھی اس موقع پر موجود تھے۔