کوئٹہ( نمائندہ خصوصی) نجی بینک مینیجر کے خلاف عوام الناس سے دھوکہ دہی اور کرپشن کا جرم ثابت، احتساب عدالت کوئٹہ نے ملزم کو 5 سال قید اور 6 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کوئٹہ نے نجی بینک مینیجر دوست محمد ناصر کے خلاف عوام الناس سے دھوکہ دہی اور کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 5 سال قید اور 6 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ ذرائعکے مطابق نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر محمد داود جان نے کیس کی پیروی کی جبکہ احتساب عدالت کے جج جناب آفتاب احمد لون نے فیصلہ سنایا۔
ترجمان نیب کے مطابق نجی بینک کے میزان چوک برانچ کے مینیجر کے خلاف 60 سے زائد متاثرین کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں جس پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ ملزم نے متوازی بینکنگ کے ذریعے اکاونٹس ہولڈرز کے جمع کی گئی رقوم بجائے بینک میں جمع کرانے کے خردبرد کر لی ہے۔
جرم کے منکشف ہونے اور تحقیقاتی ادارے کی جانب سے تحقیقات کے بعد ریفرنس دائر کئے جانے کے بعد ملزم مفرور تھا۔
نیب نے احتساب عدالت کی جانب سے بینک مینیجر کو اشتہاری قرار دینے کے بعد ملزم کو کوئٹہ کے نواحی علاقے سے گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔
احتساب عدالت کوئٹہ نے ملزم اور استغاثہ کو سننے کے بعد ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں قید وجرمانہ کی سزا سنادی ہے۔