کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے اطلاعات سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سندھ کے کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے سندھ کے عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے فنکشنل لیگ کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک اغواء کرلیا گیا لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی فنکشنل لیگی رہنما نے ڈاکوؤں کے خلاف موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا ۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ گھوٹکی انٹر چینج کے قریب پولیس کی موجودگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ میں حر جماعت اور فنکشنل لیگ کے رہنما میر مہران مہر اور نوجوان سعید احمد لغاری کے بے رحمانہ قتل اور نوجوان کو اغواء کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے اور فوجی آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث سندھ میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے کوئی بھی شہری محفوظ نہیں ہے ، پولیس کی سرپرستی میں ڈاکوؤں کی پرورش ہورہی ہے ، شام کے وقت ڈاکوں کے خوف سے شہر گاوں دیہات ویران ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کے مقامی با اثر نمائندے پولیس اور جرائم پیشہ لوگوں کے گٹھ جوڑ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ڈاکوؤں کے ہاتھوں پورا سندھ یرغمال بنا ہوا ہے لیکن ارباب اختیار کے کانوں پر جون تک نہیں رینگتی سردار عبدالرحیم نے مطالبہ کیا کہ فنکشنل لیگ کے رہنما کے قتل میں ملوث ڈاکوؤں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے نوجوان کو بازیاب کرایا جائے۔