اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت عار ف علوی نے کہاہے کہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے، محدود وسائل کے باوجود ایک کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے بے مثال پاکستانی اقدامات ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پناہ گزینوں کے عالمی دن 20 جون 2023 ءکے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ پناہ گزینوں کا عالمی دن ہمیں لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے گزشتہ 40 سالہ نمایاں کردار کی یاد دلاتا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود ایک کثیر تعداد میں بے گھر افراد کو پناہ دینے کے بے مثال پاکستانی اقدامات ہمارے بھائی چارے اور ہمدردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ہر سال 20 جون کو یہ دن منانے کا مقصد مشکل گھڑی میں پناہ گزینوں کی مدد کیلئے ہمارے عزم اور ان کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان دنیا میں پناہ گزینوں کی ایک بڑی آبادی کا میزبان ہے۔ پاکستانی عوام اور حکومت نے درپیش چیلنجز اور کم وسائل کے باوجود انسانی بنیادوں پر کھلے دل سے پناہ گزینوں کی مدد کی۔ افغان مہاجرین کی میزبانی کا بوجھ بانٹنے کیلئے ابتدائی طور پر پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے مالی مدد ملی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ امداد گھٹتی رہی۔ تاہم ، مہاجرین کی فلاح و بہبود اور ان کی رضاکارانہ وطن واپسی کا پاکستان کا عزم اور ارادہ غیر متزلزل رہا۔ یہ امر قابل ِذکر ہے کہ 40 سال گزرنے کے باوجود مہاجرین اور مقامی افرادکے مابین کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا جو کہ پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کی بڑی مثال ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے اپنی جانب سے پناہ گزینوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی ہے۔ ان کیلئے ایک باقار زندگی کی تعمیر ِنو کی خاطر پاکستان نے تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی فراہم کی اور بینک اکاونٹس اور دیگر مواقع کی فراہمی کیلئے پالیسیاں متعارف کرائیں۔ مزید برآں، ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور دیگر انسانی فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتےرہے ہیں تاکہ ہماری سرحدوں کے اندر مقیم پناہ گزینوں کو ضروری امداد اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ افغان مہاجرین کو علم اور ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے ہم نے جامع تعلیمی پروگرام متعارف کرائے اور اس بات کو یقینی بنایا کہ پناہ گزین بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔انہوںنے کہاکہ پناہ گزینوں کے اس عالمی دن پر، ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور دیگر بین الاقوامی تنظمیوں سمیت ان تمام افراد کا تہہ ِدل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان کی امداد کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔ آئیں ، رحمدلی، ہمدردی اور شمولیت کی ان اقدار کو تھامے رکھیں جو بحیثیتِ قوم ہماری پہچان ہیں۔