کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو کارکردگی سے جواب دیں گے۔منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی کے پہلی مرتبہ میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں، میئر و ڈپٹی میئر اور پی پی پی کارکنان کومبارک پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس شہر میں نفرت اور انتہا پسندی کا مقابلہ نسلوں سے کرتے آ رہے ہیں، ہر مشکل وقت میں پی پی پی کے جیالے کھڑے رہے، پی پی پی کے جیالوں نے ملک اور جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں، 12 مئی اور کئی مواقع پر پی پی پی کے جیالوں نے قربانیاں پیش کیں، عبداللہ مراد اور بے شمار رہنماوں اور کارکنوں نے قربانیاں دیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ راتوں رات سیاسی جماعتیں الیکشن میں نظرآ رہی ہیں اور پھر غائب ہو جاتی ہیں، ہمیں 79ء ، 83ء اور 2001 میں دھاندلی سے میئر بنانے سے روکا گیا تھا، ڈکٹیٹر کا دور اب ختم ہو چکا ہے، دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو کارکردگی سے جواب دیں گے، شہر کے مسائل حل کریں گے، کراچی اس ملک کا سب سے بڑا شہر ہے، اس ملک کو صرف کراچی شہر بچا سکتا ہے، کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لوں گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی کے مسائل وفاقی حکومت سے جڑے ہوئے ہیں، صوبائی حکومت بھی میئر کے ساتھ تعاون کرے گی، کراچی کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لوں گا، مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں کراچی میں ماضی کے مقابلے میں سب سے بہتر بلدیاتی نظام آئے گا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہر سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ کریں گے، کراچی کے مسائل حل کر کے ترقی دیں گے، ہم شہر کے لوگوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے، جماعت اسلامی کو تجویز دوں گا سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرے، جماعت اسلامی زمان پارک سے مل کر شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی، جماعت اسلامی کو شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں سے نہیں ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ "ہم سب کا کراچی” کا نعرہ لگایا ہے، تقسیم کی سیاست کرنے والوں کو شکست ہو گی، عام انتخابات کے لیے اپنا منشور قوم کے سامنے رکھیں گے، وفاقی حکومت کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حصہ رکھنا چاہیے، پیپلز پارٹی کا وفد دوبارہ وزیراعظم سے ملاقات کرے گا، امید ہے ملاقات کے بعد سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز رکھے جائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن بہت ہی نزدیک ہے، تنظیم سازی کا پلان نہیں ہے، آصف زرداری لاہور میں بیٹھیں گے، پیپلز پارٹی کو اگر لیول پلیئنگ فیلڈ دی جاتی ہے تو بہتر پرفارم کریں گے، انہوں نے کہا کہ یونان کشتی حادثہ بہت ہی افسوس ناک واقعہ ہے، غلط طریقے سے بیرون ملک بھجوانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائےگا۔