جدہ(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سینیٹر طلحہ محمود نے کہاہے کہ حج ایک عظیم فریضہ ہے، پاکستانی عازمین دوران حج صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور سعودی قوانین اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ پیر کو جدہ ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وہ حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک عام حاجی کی طرح حج کرنے پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی سعودی عرب میں اپنے ملک کے سفیر ہیں۔انہوں نے کہاکہ 24 گھنٹے کے اندر اندر مخصوص پورٹل عازمین حج کی شکایات کے ازالہ کے لئے کام کر رہا ہے۔ دنیا بھر سے 20لاکھ سے زائد مسلمان فریضہ حج اداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی کےلئے پرعزم ہے اور اس سلسلہ میں سعودی حکام کی طرف سے بے مثال تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔ قبل ازیں جدہ ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر حکام نےوفاقی وزیر مذہبی امور کا پرتپاک استقبال کیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے اپنے خرچ پر سعودی عرب کا سفر کیا اور وہ سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین کے ساتھ قیام کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر عمرہ ادا کریں گے اور حج کے انتظامات پر تبادلہ خیال کے لئے سعودی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، اس کے علاوہ جدہ میں وہ بین الاقوامی حج کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کریں گے۔