اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے آج سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر کو اجاگر کیا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ساتھ ساتھ اسپیس، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اور نیش ٹیکنالوجیز میں ترقی نے قومی سلامتی کے روایتی ماحول پر گہرے اثرات مرتب کیئے ہیں۔ ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جانب سے جدت کے حصول اور مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے خود کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے کی گئی غیرمعمولی پیشرفت کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی جبکہ آپریشنل اور تربیتی شعبوں سمیت ہوابازی کی صنعت میں پہلے سے استوار دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
سربراہ پاک فضائیہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے سربراہ کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی اور ایک پرامن و مستحکم خطے کے لئے کام کرنے کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔