کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نے میئر الیکشن میں غیرحاضر یوسی چیئرمینز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔شوکاز نوٹس حلیم عادل شیخ کی جانب سے 29یوسی چیئرمینز کو جاری کیے گئے جن سے تین روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔غیرتسلی بخش جواب دینے اور شوکاز نوٹس پر ردعمل نہ دینے والے یوسی چیئرمینز کا کیس لیگل کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کی ہدایت پر کراچی میں لوکل گورنمنٹ الیکشن میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین بلدیاتی انتخابات میں پارٹی ہدایات کے منحرف ہونے والے ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے لیگل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری سندھ علی پلھ نے لیگل کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ لیگل کمیٹی پی ٹی آئی چیئرمین و پی ٹی آئی صدر سندھ کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے اراکین کے خلاف الیکشن کمیشن، کورٹ، و دیگر فورم پر ایکشن لے گی۔کمیٹی میں میڈم رانا ذکی (ریٹائرڈ جج)،ایڈووکیٹ وہاب بلوچ،ایڈووکیٹ شجاعت علی،ڈاکٹر شہاب امام،ایڈووکیٹ ریاض آفندی،ایڈووکیٹ خان زمان،ایڈوکیٹ ظہور محسود،ایڈوکیٹ خالد محمود،ملک الطاف اعوان،ایڈوکیٹ رحمان مہیسر،ایڈووکیٹ مہ جبین اورایڈوکیٹ محمد علی نوناری شامل ہیں۔