کراچی( نمائندہ خصوصی) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پی ٹی آئی کے 32 منحرف اراکین کے پارلیمانی لیڈر اسدامان نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حافظ نعیم کو نہیں پارٹی کو جوابدہ ہیں،ہم 32 اراکین پر کسی قسم کا کوئی دباﺅ نہیں، ہم اپنی مرضی سے ایوان نہیں گئے۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے اسدامان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف میں تھا ہوں اور رہوں گا پی ٹی آئی میں کرائے دار نہیں مالک مکان ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سندھ کے شوکاز نوٹس کا تفصیلی جواب دوں گا ہم کے ایم سی میں اپوزیشن بینچز پربیٹھیں گے حافظ نعیم الرحمان کوووٹ کیوں نہیں دیا یہ شوکاز نوٹس میں بتاﺅں گا مجھے شوکاز نوٹس بھی فیس بک اور واٹس ایپ سے ملا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم بکنے والے نہیں ہیں،9 مئی کے بعدتمام اراکین پر دباﺅ ہے 3دن میں شوکاز کا جواب دوں گا پارٹی فیصلے کاپابند ہوں، حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کی بہت وجوہات تھیں کچھ نادان لوگ سمجھتے ہیں ہم بک گئے ہیں ایسی بات نہیں ہے۔پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے یو سی چیئرمین نے کہا کہ ایوان میں جا کر ہم بھرپور اپوزیشن کریں گے، ہم حافظ نعیم کو نہیں پارٹی کو جوابدہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی کل بھی مخالفت کی تھی آئندہ بھی کریں گے۔واضح رہے کہ شوکاز نوٹس حلیم عادل شیخ کی جانب سے 29یوسی چیئرمینز کو جاری کیے گئے جن سے تین روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔غیرتسلی بخش جواب دینے اور شوکاز نوٹس پر ردعمل نہ دینے والے یوسی چیئرمینز کا کیس لیگل کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔