کراچی(نمائندہ خصوصی) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی فراہمی بحال کردی گئی ہے اس حوالے سے ترجمان این ٹی ڈی سی نے بتایا کہ طوفان کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن متاثر ہوئی۔ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے اپنے ایک جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہر کراچی کو این ٹی ڈی سی کی جانب سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کو معمول کے مطابق بجلی کی ترسیل بھی جاری ہے، جامشورو این کے آئی ٹرانسمیشن لائن 2 بج کر 10 منٹ پر بحال کی گئی تھی۔نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کو 2 ٹرانسمیشن لائنز کے ذریعے بجلی کی ترسیل جاری ہے، طوفان کی وجہ سے جامشورو این کے آئی ٹرانسمیشن لائن کے انسولیٹرز متاثر ہوئے۔واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح شہر قائد میں ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی، جن علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا رہا ان میں نارتھ کراچی، سرجانی ٹان، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد شامل تھے۔اس کے علاوہ ملیر، لیاقت آباد، فیڈرل بی ایریا اور اورنگی ٹان میں بھی ہائی ٹیشن لائن ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔کے الیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے 18 گرڈ اسٹیشن جب کہ کے الیکٹرک کے 621 فیڈرز بھی بند ہوئے۔اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ این ٹی ڈی سی سے کنکشن میں خلل پیش آیا ہے، کراچی میں محدود پیمانے پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔