کراچی( کامرس رپورٹر) بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا فیول تیار کر کے پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی بڑی ریفائنری نے بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا فیول تیار کر لیا، جس سے ملک کو بھاری زرمبادلہ کی بچت ہوگی، اور یہ پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لیے بھی ایک بڑی خوش خبری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحری کارگو اور آئل ٹینکر جہازوں میں استعمال ہونے والا انتہائی کم مقدار کا سلفر فیول ہے، کم مقدار والے سلفر فیول کی پی این ایس سی کے جہازوں کو فراہمی بھی شروع ہو گئی
مقامی طور پر فیول کی فراہمی سے صرف پی این ایس سی کو سالانہ ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔
پی این ایس سی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی ریفائنری کو فیول کی ادائیگی روپوں میں کی جا رہی ہے، جس سے ملک کو بھاری زرمبادلہ کی بچت ہوگی، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پہلے اپنے جہازوں کے لیے فیول ال فجیرہ یو اے ای سے خریدتا تھا، اور پی این ایس جہازوں کی سالانہ کھپت 15 سے 20 ہزار میٹرک ٹن ہے۔مقامی ریفائنری سے نکالے گئے کم مقدار کے سلفر فیول کی پاکستان سمیت عالمی لیبارٹریز سے بھی جانچ کرائی گئی ہے، لیبارٹری ٹیسٹ کی کامیابی کے بعد ہی فیول کو پی این ایس سی میں کمرشل بنیادوں پر استعمال شروع کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی این ایس سی کے آئل ٹینکر جہازوں کو مقامی ریفائنری سے حاصل کیے گئے فیول کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، لاہور کے بعد کوئٹہ اور ملتان میں بھی بحری جہازوں میں یہی فیول استعمال کیا جا ئے گا۔
مستقبل میں پاکستان آنے والے غیر ملکی جہازوں سے بھی مقامی فیولنگ کرانے سے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکے گا۔