کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سعودی عرب کے قونصل جنرل بندر فہد اے الدا یل کے اعزاز میں اسقبالیہ دیا۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ،مصطفی کمال،مختلف ممالک کے قونصل جنرلز بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پاک سعودیہ اقتصادی تعلقات،دونوں ممالک کے مابین برادرانہ روابط کے مزید فروغ،صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں ممالک اسلامی اخوت کے لازوال رشتہ میں منسلک ہیں، جبکہ مقامات مقدسہ کے باعث سعودی عرب کو پاکستانی عوام میں خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے، صوبہ میں قدرتی آفات کے متاثرین کی بحالی میں بھی سعودی عرب پیش پیش رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ سعودی عرب کے قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔