کراچی(نمائندہ خصوصی)
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے شہر کی مختلف تاجر تنظیموں کے وفود نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجودتھے۔ ملاقا ت میں مارکیٹوں کے اطراف تجاوزات،لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ پر بات چیت اور اسٹریٹ کرائمز پر کنٹرول، صحت و صفائی کی صورتحال، اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ شہر قائد کی مارکیٹوں کے تمام مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں سڑکوں کی استر کاری،فٹ پاتھوں کی مرمت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جلدمارکیٹوں کے اطراف پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر ملک و صوبہ کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں،تاجر برادی کے مسائل کے حل سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ مسائل تفصیل سے سننے پر وفودنے گورنرسندھ کا شکریہ ادا کیا۔