اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کو اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے قیام کے پچاس برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی طاقتوں کو بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ ، ظالمانہ ، غاصبانہ اور غیرقانونی اقدامات کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔ اُنہوں نے عالمی ممالک پر موسمیاتی تبدیلی اور غربت کے چیلنجز سے نمٹنے اور امن کی بحالی کیلئے تنازعات کے حل کیلئے مل کر کام کرنے پر زور دیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ تمام دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ پاکستان چین اور بھارت سمیت دوسرے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کا تذویراتی شراکت دار ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم پروگرام ہے جو اس گہری اور مشکل کی ہر گھڑی میں پوری اترنے والی دوستی کا مظہر ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق کشمیر کے تنازعہ کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔