اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )ن لیگ میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ،جمعہ کو ویر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل اجلاس میں کئی اہم رہنما غائب رہے ۔ذرائع کے مطابق جنرل کونسل میں شاہد خاقان عباسی ،مفتاح اسماعیل ،حمزہ شہباز شریک نہیں ہوئے جبکہ کیپٹن( ر )صفدر اور سردار مہتاب بھی نظر نہیں آئے ۔حمزہ شہباز ڈونگا گلی مری میں موجود ہیں وہ دعوت کے باوجود نہ آئے ۔حمزہ شہباز کا نام خطاب کرنے والوں کی فہرست میں بھی شامل تھا ۔ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز ن لیگ پنجاب کی صدارت چاہتے تھے مگر مرکزی قیادت نہ مانی ،حمزہ شہباز کو پارٹی کا نائب صدر بنانے کی پیش کش کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر ابھی تک ن لیگ یوتھ ونگ کے صدر ہیں ،اقبال ظفر جھگڑا بھی اجلاس میں موجود نہیں تھے ،سردار مہتاب کی سربراہی میں باغی گروپ بھی شریک نہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق جنرل کونسل کے 1600 اراکین میں سے 1100 کے قریب اراکین نے شرکت کی۔ زیادہ تر عہدے پہلے سے موجود عہدے داروں کو ہی دوبارہ دئیے گئے۔