اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) اسد رحمان گیلانی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے نئے چیئرمین کے طورپر اضافی چارج سنبھال لیا۔ نادراسے جاری بیان کے مطابق اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دئے۔چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ چیئرمین نادرا نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں وہ علاقائی دفاتر کی سرگرمیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کیلئے بہت جلد نادرا ریجنل ہیڈ آفسز کے دورے کریں گے۔انہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کیلئے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹرریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق چیئرمین نادرا کے بیرون ملک جانے پر عارضی پابندی عائد کی ہے۔ طارق ملک کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) اور ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔