اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزرات خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے لیے مضبوطی سے پرعزم ہے، پاکستان اورآئی ایم ایف کی بات چیت جاری ہے، آئی ایم ایف نمائندہ کے بیان میں کچھ مخصوص سوالات اٹھائے گئے ہیں، آئی ایم ایف نمائندہ کے سوالات پر اپنا موقف واضح کرنا ضروری ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے پاک آئی ایم ایف مذاکرات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے نمائندے کے پریس بیان کا جائزہ لیا ہے۔ آئی ایم ایف کا نواں جائزہ فروری 2023 کے اوائل میں کیا گیا تھا۔حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام ٹیکنیکل شرائط پرتیزرفتاری سے عمل درآمد کیا، آئی ایم ایف کا واحد بقایا مسئلہ بیرونی مالی اعانت کا تھا۔27 مئی 2023 کو وزیراعظم اورایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا،وزیراعظم اورایم ڈی آئی ایم ایف کی ٹیلی فونک کال میں بھی معاملے کوخوش اسلوبی سے حل کیا گیا، اگرچہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ کبھی بھی نویں جائزے کا حصہ نہیں تھا، اس کےباوجود وزیراعظم کی ہدایت پربجٹ کے نمبرز آئی ایم ایف مشن کے ساتھ شیئرکیے گئے، ہم بجٹ کی تیاری کے دوران بھی آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے۔