کراچی(نمائندہ خصوصی) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کے چیئرمین الطاف تائی،سینئر وائس چیئرمین خاورمنیر،وائس چیئرمین ندیم جیوا،چیئرمین سدرن ریجن راحیل رنچ اور وائس چیئرمین حیدرآباد سب ریجن فراز حسین میمن نے مرتضیٰ وہاب کو پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کا میئر اور عبداللہ مراد کو ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد د ی ہے۔آباد رہنماؤں نے حیدرآباد سے منتخب ہونے والے میئر کاشف شورو اور ڈپٹی میئر صغیر احمد قریشی سمیت کراچی اور حیدرآباد کے نومنتخب ٹاؤن چیئرمینز اور وائس چیئرمینوں کو بھی مبارکباد دی ہے۔چیئرمین آباد الطاف تائی اور آبادکے عہدیداران نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب فرزندکراچی ہیں اور وہ کراچی کے تمام طبقات کی نمائندگی کریں گے۔۔ آباد رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کراچی کے نومنتخب میئر مرتضیٰ وہاب،ڈپٹی میئر عبداللہ مراد اور تمام ٹاؤن چیئرمینز کراچی کی ترقی،کاروباری برادری بالخصوص بلڈرز اور ڈیولپرزکے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے اورکراچی کو ایک ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے میں فعال کردار ادا کریں گے۔